مقبوضہ کشمیر: 8 شہدا سپردخاک ، مکمل ہڑتال ، مظاہرے ، کئی علاقوں میں بڑا فوجی آپریشن
سرینگر(آن لائن+ کے پی آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید 8 نوجوانوں کو سپردخاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے دی۔کشمیری میڈیا سروس کا مزید کہناتھا کہ بارہ مولاکے علاقے زیناگیر میں بھی بھارتی مظالم کیخلاف ہڑتال ہوئی ۔ سوپور اور زیناگیر میں تمام کاروباری مراکز بند رہے جبکہ ٹریفک بھی معطل رہی۔بعدازاں کشمیر حریت رہنماؤں کی جانب سے مشترکہ بیان بھی جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کا حق خودارادیت کو ختم نہیں کر سکتا۔کشمیری عوام کبھی بھی بھارتی مظالم کے آگے سر تسلیم خم نہیں کریں گے اور نہ ہی کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں جائیں گی۔بیان میں کہا گیا مودی سرکار مقبوضہ وادی میں ظلم کی داستانیں رقم کر رہی ہے‘جو کہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ۔عالمی برادری کو اس ضمن میں نوٹس لینا چاہیے۔شہداء کی نمازجنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر زبردست احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ لوگوں نے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔ بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر میں رات کے وقت بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے ۔ فوج نے رات کو وندکھ پورہ ، کاکہ پورہ ، چند پورہ ، ہانجن راجپورہ اور ٹہاب گائوں کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی ۔ اس دوران سانبورہ ، موہند ، وہی بوگ ، گوسو اور نائر ہ پلوامہ میں سیب کے باغات کی رات بھر تلاشی لی گئی۔ پلوامہ ، شوپیاں اور کولگام اضلاع میںفورسز کو متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے تلاشی کے دوران مکینوں کے ساتھ پوچھ تاچھ کی ۔ جنوبی ضلع شوپیاں کے ترکوان گام میں جمعہ کی علی الصبح مقامی نوجوانوں اور فورسز کے درمیان پرتشدد جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب فورسز نے اس علاقے کے دیہات کو محاصرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کرنے کی کوشش کی۔ بھارتی فورسز نے دوران حراست فیروز احمد نامی نوجوان کا گلا کاٹ دیا۔ نوجوان کر صدر ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ کانپور اتر پردیش میں پولیس نے حزب المجاہدین کے کارکن کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے پاکستان کی سابقہ خاتون اول محترمہ کلثوم نواز کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے۔ یاسین ملک نے ٹیلیفون پر نوازشریف کے ساتھ بات کی اور ان کی شریک حیات کی وفات پر ان کے ساتھ دلی اظہارتعزیت کیا۔ اس موقع پر یاسین ملک نے مرحومہ کلثوم نواز کو ایک آہنی شخصیت کی حامل خاتون قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان کی حلیمانہ روش‘ بہادری‘ پُروقارشخصیت اور پُرعزم سیاسی کاوشیں ان ہی کا خاصہ تھے اور ان کی ان جملہ صلاحیتوں کا لوہا ہر ایک تسلیم کرتا ہے۔
کشمیر