بھارت ظلم سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کبھی نہیں دبا سکتا: مسعود خان
مظفرآباد (صباح نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مقبوضہ جموں اور سوپور میں بھارتی فوج کے ہاتھوں سات کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ظلم و جبر سے حق و انصاف پر مبنی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کبھی نہیں دبا سکتا۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے آرمپورہ گائوں میں چار بے گناہ نوجوانوں اور جموں میں تین نوجوانوں کی شہادت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صدر ریاست نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ جبر و تشدد اور ظلم و بربریت کے ذریعے کشمیریوں کے دلوں سے جذبہ آزادی کو کم کر دیں گے۔ گزشتہ ستر سال میں بھارت نے ظلم و جبر کا ہر حربہ استعمال کر کے دیکھ لیا کہ کشمیر کی جدوجہد آزادی میں کسی قسم کی کمزوری آنے کے بجائے ہر گزرنے والے دن تیزی آ رہی ہے وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ وادی کے حریت پسند عوام کی قربانیوں کے نتیجہ میں کشمیر سے نہ صرف ظلم و استبداد کی سیاہ رات اختتام پذیر ہو گی بلکہ کشمیری عوام آزادی کی فضا میں سکھ کا سانس بھی لیں گے۔ صدر سردار مسعود خان نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ وادی میں قتل و غارت اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشن کی اس رپورٹ پر عملدرآمد یقینی بنائیں تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں ہر گز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
مسعود خان