اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے،مفتی قاسم فخری
کراچی (نیوزرپورٹر) تحریک لبیک پاکستان سندھ اسمبلی کے پارلیمانی لیڈر مفتی محمد قاسم فخری نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں خدا کا خوف کریں جس ملک کے عوام پہلے ہی بے روزگاری مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں منی بجٹ کے نام پر اشیائے صرف پر80سے100فیصد اضافہ غریب قوم کو زندہ درگور کرنے کے مترداف ہے کراچی میں پولیو مہم کی ناکامی پر بیمار وزیر صحت کو مستعفی ہوکر گھر چلا جانا چاہیے،ڈاکٹر عذرا کی نگرانی میں چلنے والی پولیو مہم میں مرنے والے نواب شاہ کے بچوں کے والدین کو آج تک انصاف نہیں ملا کیا انہیں اس شرمناک واقعے کے صلے میں سندھ کی وزارت صحت طشتری میں رکھ کر عطا کی گئی ہے،وہ جمعہ کو اپنے حلقہ انتخاب کے عوامی مسائل کے حوالے سے آئے ہوئے عوام وفودسے بلدیہ ٹاؤن میں اپنے دفتر میں گفتگو کررہے تھے،مفتی محمد قاسم فخری نے کہا منی بجٹ کے آنے سے پہلے ہی روز مرہ کی اشیاء میں ہوشربا اضافہ اور قیمتوں میں کنٹرول کرنے والے سرکاری اداروں کی خاموشی پر انکی جماعت ٹی ایل پی خاموش تماشائی نہیں رہ سکتی ہے،اگر اشیائے صرف کی قیمتوں کو پرانی قیمتوں پر واپس نہیں لایا گیا تو منافع خور مافیا اور غفلت کی نیند سونے والی نوکر شاہی کے عوامی احتساب کیلئے ٹی ایل پی اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرسکتی ہے،کمشنر کراچی سمیت صوبہ بھر کے ڈویژنل کمشنرز ہوش کے ناخن لیں اشیائے صرف کی قیمتوں کوپرانی قیمتوں پرلانے کیلئے کراچی اور صوبے کی مرکزی مارکیٹوں میں کریک ڈاؤن کیا جائے بصورت دیگر عوام کے ٹیکسوں سے چلنے والی حکومت اور نوکر شاہی کو راہ راست پر لانے کیلئے ہمیں پر امن قانونی راستوں پر چل کر عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ دلانا آتا ہے،علاوہ ازیں ٹی ایل پی کراچی کے امیر علامہ رضی حسینی نقشبندی نے اپنی پارلیمانی پارٹی کے سربراہ مفتی محمد قاسم فخری کے دونوں مطالبات کی بھر پور حمایت کا اعلان کردیا ہے۔