امام حسین ؓ نے اللہ کی رضاء کیلئے سب کچھ قربان کردیا ،شہنشاہ نقوی
کراچی( نیوز رپورٹر) مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ امام حسین ؓنے اللہ کی رضاء اور خوشنودی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کیا ،یہ بات انہوں نے نشتر پارک میں عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کے دوران کہی ،انہوں نے کہا کہ کربلا والوں نے وہی کیا جو حکم خدا تھا ،امام حسین ؓیزید کی حیثیت سے واقف تھے آپ ؓجانتے تھے کہ یہ شخص نہ تو اسلام کے اصولوں پر کاربند رہ سکتا ہے اور نہ ہی دنیا کی محبت ترک کرسکتا ہے ۔لہٰذا ایسے عناصر کے خلاف جہاد وقت کی ضرورت تھا تاکہ اسلام دشمنوں سے سختی سے نمٹا جائے اور اسلامی اصولوں کو پامال کرنیوالوں کو نست و نابود کیا جائے اور آپ ؓنے ایسا ہی کیا کہ باطل نظام و نظریہ کا پرچار کرنیوالوں کا قلع قمع کیا اور اسلام کو رہتی دنیا تک کیلئے سربلند کر کے یہ بات واضح کردی کہ اسلام ہی حقیقی دین ہے یہ خدا اور رسولﷺ کا پسندیدہ ہونیوالے کے ساتھ ساتھ وہ دین ہے جس میں انسانیت کی فلاح ،بقائ، اور بہتری کا راز پوشیدہ ہے ۔