فاروق ستار نے ذاتی وجوہات پر استعفی دیا مسئلہ جلد حل کرلیں گے وسیم اختر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کا استعفیٰ رابطہ کمیٹی کو موصول ہواہے ، انہوں نے ذاتی وجوہات پر مزید کام کرنے سے معذرت کی ہے۔ رابطہ کمیٹی اس معاملے کو دیکھ رہی ہے جلد ہی یہ مسئلہ حل ہوجائے گا، کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ ہم شہر میں ترقیاتی کام کرائیں، بعض لوگوں کو ہمارے کاموں میں رخنہ ڈالنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، سر راہ چلتے چلتے اس طرح کے لوگ ملتے رہتے ہیں، ان لوگوں کے رویوںسے مایوس نہیں ہوں گے۔ شہر کی ترقی اور بہتری کے لئے کام جاری رکھا جائے گا اور جو بھی ذمہ داری ہے سب مل کر پورا کریں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کی شب نصیر آباد ضلع وسطی میں تعمیر ہونے والی سڑک کے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، یوسی 31- کے چیئرمین خرم فرحان، وائس چیئرمین اور دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ یہ سڑک طویل عرصے سے خستہ حال تھی جس پر سیوریج اوور فلو کی وجہ سے لوگوں کا یہاں سے گزرنا مشکل ہوگیا تھا، سڑک کی تعمیر سے قبل یہاں 18 انچ قطر کی سیوریج لائن بھی ڈالی گئی اور جیسے جیسے فنڈز ریلیز ہوتے گئے اس سڑک کا ترقیاتی کام کرایا گیا تاکہ علاقے کے لوگوں کو سہولت فراہم کی جاسکے۔ دریں اثناء میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ صحت و طب کے شعبے میں تحقیق اورجستجوسے نئی راہیں کھلتی ہیں اور عام لوگوں کو اس سے براہ راست فائدہ ملتا ہے۔ لہٰذا بیماریوں کی تحقیق اور ادویات سازی کے میدان میں تمام تر کوششیں بروئے کار لانی ہوں گی اور ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جن کی بدولت غریب و متوسط طبقے کو بھی معیاری اور کم قیمت علاج معالجے کی سہولیات میسر آسکیں۔ کراچی شہر کے لئے 15ویں ہیلتھ ایشیا انٹرنیشنل نمائش اور کانفرنس کی میزبانی اعزاز کی بات ہے ، امید ہے کہ اس سے مقامی سطح پر فارما انڈسٹری کو فروغ ملے گا اور نئی ٹیکنالوجی متعارف ہوگی، یہ بات انہوں نے 15 ویں ہیلتھ ایشیا انٹرنیشنل نمائش اور کانفرنس کے سلسلے میں منعقدہ نیٹ ورکنگ گالا ڈنر سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر کانفرنس کے منتظمین ڈاکٹر قیصر وحید، ڈاکٹر خورشید نظام اور دیگر ارکان کے علاوہ ہیلتھ اور فارما انڈسٹری سے متعلق افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔