کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ ٹریفک سارجنٹ، کانسٹیبل زخمی پرتشدد واقعات‘ خاتون اور نوجوان قتل

15 ستمبر 2015

کراچی (نیٹ نیوز + کرائم رپورٹر) کراچی کے علاقے ایم ٹی خان روڈ پر گزشتہ رات موٹر سائیکل سواروں نے چوک پر ڈیوٹی کرنیوالے ٹریفک پولیس کے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس سے ایک سارجنٹ اور کانسٹیبل شدید زخمی جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری اطلاع ملتے ہی وہاں پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی اور زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دریں اثنا شیرشاہ کے علاقے میں لیاری ندی سے 24 سالہ نامعلوم نوجوان کی نعش ملی جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ پولیس نے نعش شناخت کیلئے ہسپتال بھجوا دی ادھر سرجانی ٹائون کے علاقے گلن عباس میں فائرنگ سے 45 سالہ عنبریں حنیف شدید زخمی ہو گئی جوہر آباد کے علاقے دستگیر میں سابق یو سی ناظم محمود برکاتی کے گھر اسکی رشتہ دار خاتون 30 سالہ فردوس کونامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر چھریاں مار دیں جس سے وہ دم توڑ گئی۔