بلدیاتی انتخابات: امیدوار بٹھانے کا الزام، الیکشن کمشن نے آئی جی سے 48 گھنٹے میں رپورٹ مانگ لی

15 ستمبر 2015

لاہور (خبرنگار) الیکشن کمشن نے پنجاب پولیس کے سینئر افسروں کی طرف سے بلدیاتی انتخابات میں امیدوار کو زبردستی بٹھانے جبری ہتھکنڈوں کے الزامات پر مشتمل خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے 48 گھنٹوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کو خط ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ میڈیا پر پنجاب پولیس کے سینئر افسروں پر ضلع لاہور میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے بعض امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جبری طور پر واپس لئے جانے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ ان الزامات سے انتخابی ضابطہ اخلاق کا تقدس پامال ہوا ہے۔ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ جن افسروں کیخلاف الزامات ہیں ان سے اس سلسلے میں وضاحت طلب کی جائے اور رپورٹ 48 گھنٹوں میں الیکشن کمشن کو ارسال کی جائے۔