شجاعت سے یونائیٹڈ کرسچئن موومنٹ کے وفد کی ملاقات، گرینڈ الائنس میں شرکت پر گفتگو

15 ستمبر 2015

لاہور (خبر نگار) ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین سے پاکستان یونائیٹڈ کرسچیئن موومنٹ کے چیئرمین البرٹ ڈیوڈ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اور گرینڈ اپوزیشن الائنس میں شرکت کیلئے بات چیت کی۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر قانون سینیٹر ڈاکٹرخالد رانجھا بھی موجود تھے۔ موومنٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی اور تمام ضلعی عہدیداروں کی تفصیلی ملاقات اسلام آباد میں ہو گی۔ چودھری شجاعت حسین نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت ماضی کی طرح تمام اقلیتی پاکستانی بھائیوں کے مذہبی، معاشرتی اور معاشی حقوق کا مکمل تحفظ کرتی رہے گی ہم نے ہمیشہ اقلیتوں کا ساتھ دیا۔ چیئرمین البرٹ ڈیوڈ نے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتی نشستوں میں اضافہ ہونا چاہئے۔علاوہ ازیں امریکی قونصل جنرل Zachary Harkenrider نے بھی چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں پاک امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔