لاہور :خاتون پولیو ورکرز سے بدتمیزی دھمکیاں، شیخوپورہ میں دو اہلکاروں پر مسلح افراد کا تشدد، ملزم گرفتار

15 ستمبر 2015

لاہور + شیخوپورہ (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ساندہ کے علاقہ میں خاتون پولیو ورکر کو دھمکانے اور بدتمیزی کرنیوالے شخص کو پولیس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ گذشتہ روز ملک منیر پارک میں خاتون پولیو ورکر سعدیہ بٹ بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہی تھی اس نے سفیان نامی شخص کے گھر کی بیل دی اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے بلوایا جس پر سفیان سیخ پا ہو گیا اور بچوں کو قطرے پلانے سے انکار کرتے ہوئے سعدیہ بٹ کو خطرناک نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے بدتمیزی شروع کر دی جس پر خاتون کی اطلاع پر ایس ایچ او ساندہ کی سربراہی میں پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچتے ہوئے دھمکیاں دینے والے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔دریں اثناء فاروق آباد میں انسداد پویو ٹیم پر مسلح افراد نے حملہ کیا اور خاتون ورکرز سمیت دو افراد کو تشدد کرکے زخمی کردیا۔ پولیس کے مطابق انسداد پولیو ٹیم پر حملے کے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔