قصور سکینڈل، مزید 2 ملزموں کا جسمانی ریمانڈ مکمل، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

15 ستمبر 2015

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں قصور سکینڈل کے مزید دو ملزموں کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت کے روبرو پیش کردیا گیا۔ فاضل عدالت نے دونوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ پولیس نے 9 سے زائد مقدمات میں گرفتار رمضان اور مقصود کو 28 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد سخت سکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش کیا۔ دوران سماعت تفتیشی افسر نے عبوری چالان عدالت میں پیش کردیا۔ تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت سے ملزموں کو جسمانی ریمانڈ اور تفتیش مکمل ہونے کی بنا پر جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوانے کی استدعا کی گئی۔ ملزموں کے وکیل کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے میڈیا کے دبائو پر بے بنیاد مقدمات درج کئے ہیں۔ ملزموں کا واقعہ سے کوئی تعلق نہیں۔ واضح رہے عدالت دو ملزموں تنزیل الرحمن اور وسیم سندھی کو پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا چکی ہے۔