ایل پی جی 10 روپے کلو مہنگی‘ گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 120 روپے کا اضافہ
لاہور (نیوز رپورٹر) عیدالاضحی سے قبل ہی ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 120 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 480 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ لاہور میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 970 روپے ہو گئی ہے۔ صارفین نے قیمتوں میں اضافے پر شدید احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کا فوری احتساب کرے۔ مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافے کے بعد قیمت بڑھ کر 85 روپے ہو گئی۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے ایل پی جی کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کرنے پر چیئرمین اوگرا سعید خان اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد یاسین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین اوگرا سعید خان نے کہا عوام کو سستی گیس دینا ہمارا اولین فریضہ ہے۔ کسی کی اجارہ داری نہیں چلنے دیں گے۔ عرفان کھوکھر نے کہا ایل پی جی مافیا نے گیس کی قیمتوں میں بے بنیاد اور بلاجواز اضافہ کرنے پر گٹھ جوڑ کر لیا۔ حکومت کی ناقص حکمت عملی کی بدولت غریب عوام کو عید آنے سے پہلے ہی عید کا تحفہ مل گیا۔ قیمتوں میں اضافہ کو نہ روکا گیا تو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو جائیں گے۔