عمران بلا سوچے سمجھے بولنے کے عادی ہیں‘ قوم دھرنا پارٹی کے جھوٹ سننے کو تیار نہیں: رانا ثنا .ریحام کے سیاست میں آنے کے بعد وہ دوسروں پر تنقید کا حق کھو بیٹھے: دانیال عزیز
لاہور (خبر نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا ہر ترقیاتی منصوبہ شفاف اور بے داغ ہے۔ عمران حقائق کو مسخ کرکے قوم کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ قوم دھرنا پارٹی کے جھوٹ سننے کو تیار نہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بننے والے ہر ترقیاتی منصوبے کے دشمن ہیں۔ عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران میٹرو بس کی عوامی مقبولیت سے گھبرا کر الزام تراشی پر اتر آئے ہیں۔ عمران خان کی سیاست کا محور الزام تراشی اور احتجاج ہے۔ خیبر پختونخوا کی نام نہاد گڈگورننس نے تبدیلی کے دعوے پر سیاہی پھیر دی۔ عمران بلا سوچے سمجھے بولنے کے عادی ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ ریحام کے سیاست میں آنے کے بعد عمران دوسروں پر تنقیدکا حق کھو چکے۔ عمران خان کو مک مکا کی سیاست مبارک ہو۔ رشتے داروں کو بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹیں دینے کی بدترین مثال خیبر پی کے میں نظر آتی ہے۔ عمران کی کراچی آپریشن اور ضرب عضب کی حمایت خوش آئند ہے۔ جو اپنی پارٹی اور صوبہ سنبھال نہ سکے‘ وہ ملک سنبھالنے کی بات کرتا ہے۔ عمران کرپشن کرنے والوں کو نکال دیں تو پارٹی میں کوئی نہیں بچے گا۔ قوم جانتی ہے کہ کرپشن کے خلاف اقدامات نوازشریف حکومت نے ہی کئے۔ انگلی کی سیاست کرنے والے جمہوریت کا نام زبان پر نہ لایا کریں۔ عمران پن بجلی منصوبوں کے فنڈز سے سٹہ کھیلنے کا جواب دیں۔