پاکستان سے معاشی تعاون وسیع کرنے کے بہت امکانات ہیں: سعودی سفیر
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نے کہا ہے کہ الفاظ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اظہارکیلئے ناکافی ہیں۔ دونوں ملک باہمی رشتوں‘ دوستی اور تعاون کی گہرائی‘ محبت اور جذبہ کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے۔ سعودی عرب کے 85 ویں قومی دن کے موقع پر پاکستانی قوم کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں مذہب کا پہلو ہمیشہ بہت اہم رہا ہے۔ مکہ مکرمہ مسلمانوں کو اپنی طرف آنے کی دعوت دیتا ہے۔ اللہ نے اس مقام کو ’’لوگوں کی مراجعت اور امن کا شہر‘‘ قرار دیا ہے۔ سعودی عرب کی حکومت نے دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے حج اور عمرہ کی ادائیگی کے سلسلے میں سہولتیں فراہم کرنے پر بے پناہ وسائل صرف کئے ہیں۔ اس سے پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے درمیان اخوت اور تعاون کے تعلقات کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ دونوں ملکوں میں وفود اور عوام کے تبادلوں سے قربت میں اضافہ ہوا ہے۔ ہماری روایات اور ثقافت ایک جیسی ہے۔ دونوں ممالک کی معیشت آزاد ہے۔ معیشت کے شعبہ میں تعاون کو وسعت دینے کے وسیع امکانات ہیں۔ پاکستان میں سعودی عرب کا سفارتخانہ پاکستانی تاجروں اور صنعتکاروں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ سعودی عرب شاہ عبدالعزیز کے وقت سے اب تک ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہے۔ سعودی عرب شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دور اندیش قیادت بھی ترقی اور استحکام کے سفیر پر گامزن ہے۔ پاکستانی قوم کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز ولی عہد محمد بن نائف اور نائب ولی عہد محمد بن سلمان کی طرف سے مبارکباد کا پیغام پہنچا رہا ہوں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی کو قائم رکھے۔ سعودی عرب دوسرے ممالک میں عدم مداخلت کے اقوام متحدہ اور آئی سی سی کے اصولوں پر قائم ہے۔