ملتان: بم دھماکے کی جگہ سے ملنے والی کار پولیس کیلئے معمہ بن گئی

15 ستمبر 2015

ملتان (نمائندہ خصوصی) بم دھماکے کی جگہ سے ملنے والی کار پولیس کیلئے معمہ بن گئی۔ وہاڑی چوک پر بم دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر ایک کار بھی موجود ہے جس کے مالک کا تاحال سراغ نہیں مل سکا۔ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ کار سوار رانگ سائیڈ سے چوک پر پہنچا، اس نے کار چوک کے درمیان کھڑی کی اور وہ کار سے اتر کر رکشہ کی جانب بھاگا اس دوران وہاں پر دھماکہ ہو گیا یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ کار سوار شخص کون تھا وہ رانگ سائیڈ سے کیوں آیا کیا اسے معلوم تھا کہ چوک پر بم رکھا ہوا ہے پولیس ان سوالات کے جواب تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے پولیس کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ یہ شخص بم کے بارے میں آگاہ کرنا چاہتا ہو۔ سٹی پولیس آفیسر ملتان اظہر اکرم نے کہا ہے کہ بم دھماکے میں ملوث ملزمان اور ذمہ داران کو بے نقاب کرکے قانون کے مطابق سزا دلوائی جائیگی۔