ڈینگی سپرے سے طالبات کی بے ہوشی تبادلوں کیلئے وزیراعلی کے احکامات پر عمل نہ ہوسکا

15 ستمبر 2015

لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب میں انسداد ڈینگی سپرے سے طالبات کے بے ہوش ہونے کے واقعات میں وزیراعلیٰ کی جانب سے سیکرٹری صحت، سیکرٹری سکولز، سیکرٹری بلدیات ڈی سی او اٹک، ڈی سی او جہلم کے تبادلوں کے احکامات پر عمل نہیں ہوسکا جس پر اعلی افسروں نے چپ سادھ لی ہے جبکہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے اس بارے میں کسی قسم موقف دینے سے انکار کردیا ہے۔ محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن کے مطابق چونکہ بلدیاتی انتخابات کا پراسیس شروع ہوچکا ہے اسلئے تبادلوں پر پابندی ہے جب ان سے پوچھا گیا کہ ایک روز پہلے تو تبادلے ہوئے تھے الیکشن کمشن کی طرف سے ریٹرننگ افسروں، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسروں کے تبادلوں پر پابندی تھی جس پر انہوں نے کہا کہ اوپر سے پوچھیں۔ جبکہ سیکرٹری سروسز دفتر میں موجود نہیں تھے ۔ چیف سیکرٹری اسلام آباد گئے تھے جبکہ دیگر افسروں نے بات کرنے سے انکار کر دیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ احکامات جاری ہونے سے پہلے انکوائری کمیٹی تشکیل دی جاسکتی تھی رات گئے تک کسی اعلی افسر نے تبادلے ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے۔ سیکرٹری صحت ، سیکرٹری سکولز ، سیکرٹری بلدیات اپنے دفاتر میں کام کرتے رہے ہیں۔