ماسکو میں بین الاقوامی فوجی میوزک فیسٹیول‘ پاکستانی بینڈ نے میلہ لوٹ لیا

15 ستمبر 2015
ماسکو میں بین الاقوامی فوجی میوزک فیسٹیول‘ پاکستانی بینڈ نے میلہ لوٹ لیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) مسلح افواج کے اٹھہتر رکنی فوجی بینڈ نے فرنٹیئر کور کے بیس رکنی دستے کے ہمراہ روس کے شہر ماسکو میں بین الاقوامی فوجی میوزک فیسٹیول میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے میلہ لوٹ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سپیسکیا ٹاور فیسٹیول کا انعقاد ماسکو شہر کی 868ویں سالگرہ کی تقریبات کا حصہ تھا جو 6سے 13ستمبر تک جاری رہا۔ پاک فوج کے ایجوٹینٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الحسن شاہ نے بین الاقوامی ملٹری میوزک فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انٹرنیشنل ملٹری میوزک فیسٹیول پریڈ کا انعقاد ہرسال ستمبر میں کیا جاتا ہے جس میں بہترین روسی اور بین الاقوامی فوجی بینڈز ریڈ سکوائر ماسکو پر 9روز تک پرفارم کرتے ہیں ۔ اس مرتبہ پاکستان کی تینوں سروسز پرمشتمل بینڈ نے پرفارمنس دی اور قومی ترانے اور نغموں کی دھنیں بجائیں۔