متعدد شہروں میں چھاپے، 50 من سے زائد مضر صحت گوشت برآمد، 10 افراد گرفتار

15 ستمبر 2015

لاہور (نمائند گان) مختلف شہروں میں چھاپے مار کر 50 من سے زائد مضر صحت گوشت برآمد کرکے 10 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تفصیلات کے مطابق شاہکوٹ میں میٹ انسپکٹر ڈاکٹر ارشد نے نواحی گائوں نورھا میں مخبری پر چھاپہ مار کر ایک قصاب ندیم سے 2 مردہ اور بیمار بھینسوں کا مضر صحت 700 کلو گرام گوشت پکڑ کر ملزم کیخلاف تھانہ صدر شاہکوٹ میں مقدمہ درج کروا کر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ سلاٹر ہاؤس انچارج شاہکوٹ ڈاکٹر محمد حفیظ نے شہر کے ایک قصاب غلام مصطفی سے 35 کلو مضر صحت گوشت برآمد کرکے مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ سیالکوٹ میں انتظامیہ نے چھاپہ مارکر 10من سے زائد مضر صحت گوشت برآمدکرکے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ گوشت گوجرانوالہ سے سیالکوٹ لایا گیا تھا فیصل آباد میں پٹرولنگ پولیس نے 500کلو گرام مضر صحت گوشت برآمد کر کے ملزمان گرفتار کر لئے۔ چیچہ وطنی میں ویٹرنری ڈاکٹر فیاض حسین نے کارروائی کرتے نواحی گائوں 164/9/L میں چھاپہ مارکر ایک من سے زائد مضر صحت گوشت برآمد کرلیا تاہم ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ بھکر میں تھانہ صدر پولیس دریا خان نے مخبرکی اطلاع پر 8 من مردہ جانوروں کاگوشت برآمد کرکے چار افراد کوگرفتار کرلیا۔