بھارتی ہٹ دھرمی ، ہاکی کھیلنے کیلئے پاکستان سے معافی کی شرط

15 ستمبر 2015

لاہور( نمائندہ سپورٹس) بھارتی ہٹ دھرمی ایک بار پھر سامنے آگئی ، انڈین ہاکی نے پاکستان سے میچ کھیلنے کے لئے معافی جیسی بچکانہ شرط عائد کر دی ۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکرٹری انڈین ہاکی نریندر بٹرا نے کہا کہ چیمپینز ٹرافی میں بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں حماد بٹ اور محمد توثیق نے قابل اعتراض اشارے کئے تھے ، جب تک پاکستان اس پر معافی نہیں مانگتا تو ان کے ساتھ میچ نہیں کھیلیں گے ۔ بھارتی رویے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ’’ نوائے وقت ‘‘ سے گفتگو کے دوران صدر ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھر ، سابق کوچ شہناز شیخ ، نوید عالم ، سابق کپتان محمد ثقلین نے کہا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے ۔ بھارت نے ہر موقع پر الزام تراشی کی انہوں نے کہا کہ بھارت اب تک ایک سال پرانا معاملہ لے کر بیٹھا ہوا ہے ۔ بھارتی حکام نے ایک بار پھر روایتی ہٹ دھرمی کا ثبوت دے دیا ۔