’’غیر ملکی ہاکی فیڈریشن سے رابطہ کیا نہ بھارتی میڈیا کی خبروں میں صداقت ہے‘‘
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے کہا کہ ہم نے جب سے چارج سنبھالا ہے کسی غیر ملکی فیڈریشن سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔ بھارت کے حوالے سے الیکٹرانک میڈیا میں دن بھر چلنے والے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی انڈیا کے زیر اہتمام ہاکی انڈیا لیگ کے پہلے تین ایڈیشنز میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل ہی نہیں کیا گیا تو چوتھے ایڈیشن میں بھی ایسا ممکن نہیں تھا اور نہ ہی کسی کھلاڑی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے انڈین لیگ کے حوالے سے کوئی این او سی لے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی انڈیا کی جانب سے بھی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ ایسا کوئی رابطہ نہیں کیا گیا جس میں کوئی مطالبہ کیا گیا ہو۔ بنگلور میں ہونے والے چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کا معاملہ میرے خیال میں اسی وقت ختم ہو گیا تھا جب ایف آئی ایچ نے پاکستانی کھلاڑیوں پر پابندی عائد کر دی تھی جبکہ اس وقت ٹیم کے کوچ شہناز شیخ واقعہ پر معذرت بھی کر چکے ہیں۔