موٹرسائیکل سڑک کنارے ٹرک سے ٹکرا گئی‘ 2 دوست جاں بحق

15 ستمبر 2015

فیروزوالا (نامہ نگار) جی ٹی روڈ کی آبادی جلال ٹاؤن (مریدکے) میں ٹریفک حادثے میں دو دوست ہلاک ہو گئے۔ دیگر حادثات میں 8زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ کامونکی کے رہنے والے دو نوجوان دوست پندرہ سالہ علی حسن اور چودہ سالہ علی اصغر موٹر سائیکل پر سوار ہو کر لاہور آرہے تھے جب جلال ٹاؤن کے قریب پہنچے تو جمپ لگنے سے موٹر سائیکل بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے خراب ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں دونوں دوست موقع پر ہلاک ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ہلاک ہونے والے نوجوانوں کے ورثا جائے حادثہ پر پہنچ گئے، دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ دونوں نوجوان ایک ہی محلہ کے رہنے والے تھے۔ پولیس مریدکے نے دونوں نوجوانوں کی نعشیں قبضے میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیں۔ جب دونوں کی نعشیں ان کے گھروں میں پہنچیں تو وہاں کہرام مچ گیا۔ فیروز والا کے قریب دو موٹر سائیکلیں ٹکرانے کے باعث تین افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو کے عملے نے انہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا۔