مکرمی! پاکستانی قوم کی یہ بدقسمتی رہی ہے کہ اسے قائداعظم جیسا قابل اعتماد‘ قابل فخر اور قابل تقلید ایک بھی لیڈر میسر نہیں آیا بلکہ اس کے برعکس زر اور زمین کے طفیل ملک و قوم کے مقدر سے کھیلنے اور پاکستان کے چہرے پر کالک ملنے والے ایسے لیڈران اقتدار کے ایوانوں کی زینت بنتے رہے جنہوں نے اپنے ذاتی مفادات کو ملکی وقار پر ترجیح دیتے ہوئے سیاست کو سیاہ ست میں بدل کر رکھ دیا۔ سب نے اقتدار کے جام کو لبوں سے لگاتے ہوئے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کو بنے ہوئے 65 سال ہو چکے ہیں مگر آج بھی ہم بجلی گیس اور پانی جیسی بنیادی ضرورتوں سے محروم ہیں۔ بانیان پاکستان نے جس وطن کی بنیاد دو قومی نظریے پر رکھی تھی وہاں بلوچستان سے لے کر خیبر پختونخواہ تک مذہبی منافرت فرقہ واریت اور لسانیت کی ایسی آگ سلگ رہی ہے جس میں اب تک سینکڑوں لوگ ز ندگی سے محروم کئے جا چکے ہیں اور تو اور امریکہ کی غلامی میں پوری قوم کی گردنیں اس قدر جھکا دی گئی ہیں کہ آزادی اور خودمختاری کا مفہوم ہی بدل گیا ہے۔ ڈرون حملوں کا اجازت نامہ ہو یا عافیہ صدیقی کی گرفتاری کا معاملہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کا پروانہ ہو یا انڈیا کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا پرفریب معاہدہ امریکہ ہر میدان میں ہم پر مسلط ہو چکا ہے۔ حالات کی یہ سب تلخیاں اور حشر سامانیاں ہمارے اپنے حکمرانوں کے دم قدم سے ہیں۔
ہم لوگ جو اب بھی زندہ ہیں اس جینے پر شرمندہ ہیں،(کامران نعیم صدیقی - شاہدرہ لاہور 0321-4583855)
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38