موسمیاتی تبدیلی اور وائلڈ لائف کی پالیسی منظور
وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں اور وائلڈ لائف کی پالیسی کی منظوری دیتے ہوئے حکومتی سطح پر تھنک ٹینک بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ موسمیاتی تبدیلیاں صرف ہمارا ہی نہیں پوری دنیا کا اہم ترین مسئلہ ہے۔ اس سے ناصرف انسانی معاشرہ بلکہ انسانی رہن سہن بھی برح طرح متاثر ہو رہا ہے۔ ترقی پذیر ممالک خاص طور پر اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔ کیونکہ ان کے پاس ترقی یافتہ ممالک کی طرح اس مسئلے سے نمٹنے کے نہ تو وسائل ہیں اور نہ ہی شعور۔ وزیر اعظم عمران خان کے 10 ارب سونامی ٹری پروگرام کی وجہ سے پاکستان کو دنیا میں گرین چیمپئن کی حیثیت حاصل ہوئی ہے۔ یہ پروگرام واقعی قابل تقلید ہے۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنا ہو گی تاکہ دنیا کو موسمی تبدیلی کے منفی اثرات سے انسانوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔ امید ہے کہ پاکستان میں قائم کیا جانے والا تھنک ٹینک اس سلسلے میں جامع منصوبہ بندی کر کے پاکستان کو ایک رول ماڈل بنا سکتا ہے۔ جس طرح 10 ارب درخت لگانے کے منصوبے کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کے اقدامات کو پسندکیا جا رہا ہے۔ اسی طرح موسمیاتی تبدیلیوں سے نبردآزما ہونے کے لئے پاکستانی اقدامات کو دنیا بھر میں سراہا جائے گا۔