مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس بریت کی درخواست مسترد ، اگلی باری ہماری : زدراری
اسلام آباد (وقائع نگار) احتساب عدالت نے آصف زرداری کیخلاف 8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس میں سابق صدر کی جانب سے دائر ریفرنس ختم کرنے اور بریت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی اور 28 اکتوبر کو فردجرم کیلئے طلب کرلیا۔ زرداری عدالت پیش ہوئے اور ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے 265 ڈی کے تحت ریفرنس ختم کرنے اور بریت کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا گیا کہ فردجرم عائد نہیں ہوسکتی۔ نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد کیس نہیں بنتا۔ ابھی آپ چارج فریم نہیں کر سکتے جب تک ہماری درخواست پر فیصلہ نہیں آجاتا۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اس کیس میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا کوئی الزام نہیں۔ عدالت نے کہاکہ پہلے یہ دلائل دیں کہ درخواست قابل سماعت ہے بھی یا نہیں۔ زرداری اور فریال تالپور وغیرہ کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کے میگا منی لانڈرنگ کیس میں وکیل صفائی کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی۔ زرداری عدالت پیش ہوئے جبکہ فریال تالپور اور عبدالغنی مجید کی طرف سے ایک روزہ استثنیٰ کی درخواستیں دی گئیں جنہیں عدالت نے منظور کرلیا۔ زرداری اور اعجاز احمد خان وغیرہ کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں وکلاء صفائی کی نیب گواہ پر جرح جاری رہی۔ زرداری اور یوسف رضا گیلانی وغیرہ کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کی طرف سے مہلت کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی گئی۔ نیب کی جانب سے زرداری کی بریت درخواست پر جواب جمع نہ کرا سکا اور نیب پراسیکیوٹر نے جواب جمع کرانے کیلئے مزید مہلت مانگ لی جس پر عدالت نے کہا کہ آپ نے جواب جمع کرانے میں زیادہ دیر نہیں کر دی؟۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جواب منظوری کی مراحل میں ہے جلد جمع ہو جائے گا۔ عدالت نے کہاکہ کوشش کریں فوری جواب آئے ورنہ گواہ پیش کریں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ گواہ موجود ہے وکیل صفائی سے کہیں جرح کریں۔ زرداری نے میڈیا سے گفتگو کے دوران آئی ایس آئی چیف کی تقرری کے حوالے سے سوال پر کہا ہے کہ یہ حکومت ہی نااہل ہے۔ مجھے اس بارے کوئی علم نہیں ہے کہ آئی ایس آئی چیف کے حوالے سے فیصلہ تبدیل ہوگا یا برقرار رہے گا۔ اللہ خیر کرے گا۔ عمران خان مشکل پچ پر نہیں کھیل سکتا۔ اس نے اپنے سیاستدان ہی مشکل سے سنبھالے ہوئے ہیں۔ اگلی باری سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگلی باری پیپلزپارٹی کی ہوگی۔ جبکہ احتساب سے متعلق سوال کے جواب میں زرداری نے کہاکہ جب تک معیشت مزید نیچے نہ آجائے یہ سلسلہ جاری رہے گا۔