حکومت نے 14 ماہ میں عوام کی پریشانیوں میں کئی گنا اضافہ کردیا: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے چودہ ماہ میں عوام کی پریشانیوں اور مسائل میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ تبدیلی کے بلند و بانگ دعوے ہوا میں بکھر گئے ہیں۔ حکمران اپنے کسی ایک وعدے کو پورا نہیں کر سکے۔ عوام نے حکمرانوں سے جو توقعات باندھی تھیں، وہ پوری نہیں ہوسکیںجس کی وجہ سے لوگوں کے اندر بے چینی بڑھتی جارہی ہے۔ عوام مایوسی کے اندھیروں میں ڈوب رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اقتدار پر مسلط طبقہ 72 سال سے ملک و قوم کی تقدیر سے کھیل رہا ہے۔ عوام نے نام نہاد جمہوری حکومتوں اور فوجی آمریت کو دیکھا مگر کسی نے بھی ان کے مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ موجودہ حکومت نے اپنے چودہ ماہ میں عوام کے چودہ طبق روشن کر دیے ہیں۔ معیشت بدلی نہ عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے عفریت سے نجات ملی ۔ عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے ۔ لوگوں کو دو وقت پیٹ بھر کر کھانا نصیب نہیں۔ انہوںنے کہاکہ عوام نے تمام جماعتوں کو آزمالیاہے اب جماعت اسلامی کے علاوہ ان کے پاس دوسرا چوائس نہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 5 ؍ اگست کے بعد حکومت کا فرض تھاکہ وہ قومی قیادت سے مشاورت کر کے کشمیر پر واضح اور دوٹوک لائحہ عمل دیتی۔ حکومت نے دیدہ دانستہ قومی وحدت کو پارہ پارہ کیا۔ حکمران کہتے ہیں کہ پہلے ہم معیشت ٹھیک کرلیں پھر کشمیر کے بارے میں سوچیں گے مگر معیشت بھی بری طرح تباہ ہوچکی ہے ۔