شیخوپورہ: دوسری شادی سے منع کرنے پر خاوند نے پہلی بیوی کو مار ڈالا
شیخوپورہ/ جنڈیالہ شیرخان (نمائندہ خصوصی / نامہ نگار) تھانہ صدر کے علاقہ ماچھی کے میں دوسری شادی رچانے سے منع کرنے پر سنگدل خاوند نے اپنی پہلی بیوی کو تشدد کرکے قتل کردیا جس پر مقتولہ کے ورثاء نے نعش روڈ پر رکھ کر شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ ملزم کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ ملزم رمضان نے چوری چھپے دوسری شادی کرلی جس کا علم ہونے پر اسکی پہلی بیوی جو تین بچوں کی ماں بتائی گئی ہے نے اس سے جھگڑا کرنا شروع کردیا اور مطالبہ کیا کہ وہ دوسری بیوی کو طلاق دیں۔ خاوند نے انکار کے بعد مشتعل ہوکر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔ مقتولہ کے ورثاء سراپا احتجاج بن گئے جس سے ٹریفک کانظام درہم برہم ہوکر رہ گیا تاہم پولیس کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔