چیف جسٹس ہائیکورٹ کا دورہ بہاولپور‘ مقدمات کی سماعت‘ بار عہدیداروں سے بھی ملے
بہاول پور (نامہ نگار) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سردار محمد شمیم خان نے لاہور ہائی کورٹ بہاول پور بنچ کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ چیف جسٹس نے ہائی کورٹ کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔ چیف جسٹس سردارمحمد شمیم خان نے عدالتی امور نمٹائے اور مقدمات کی سماعت کی۔ انہوں نے ہائی کورٹ کے مرکزی دروازے کے ساتھ سکیورٹی انتظامات کے لیے قائم کیے گئے سینٹرل سکینرز روم کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے ہائی کورٹ کی مسجد کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے کیے گئے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا۔ قبل ازیں چیف جسٹس سردارمحمد شمیم خان نے ہائیکورٹ بار بہاول پور کے عہدے داروں اور بار کے ممبران وکلاء سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر جسٹس محمدمسعود جہانگیر، جسٹس مسعود عابد نقوی، جسٹس مجاہد مستقیم احمد، جسٹس چوہدری عبدالعزیز، سینئر ایڈیشنل رجسٹرار ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری انوار الحق، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہاول پور مشتاق احمد اوجلہ، صدر ہائی کورٹ بار چوہدری نوید اقبال، جنرل سیکرٹری بار محمد ایاز کلیار بھی موجود تھے۔