بھوپال: بھارتی ہاکی ٹیم کی گاڑی کو حادثہ، 4 کھلاڑی ہلاک، 3 شدید زخمی
کھلاڑیوں کی عمریں 16 سے 17 برس تھیں، ایک کی حالت تشویشناک، حکومت کا فی کس 7 لاکھ امداد کا اعلان
بھوپال(نیٹ نیوز) بھارت میں آل انڈیا ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کے لیے جانے والی کھلاڑیوں کی کار حادثے کا شکار ہوگئی جس میں قومی سطح کے 4 کھلاڑی ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھوپال کے نزدیک کار حادثے میں قومی سطح کے ہاکی کھلاڑی شاہنواز خان، آدرش، اشیش لال اور انکیٹ ورن ہلاک ہوگئے، چاروں کی عمریں 16 اور 17 برس تھیں۔ حادثے میں 3 کھلاڑی زخمی بھی ہوئے جن میں اکشے آواستی، شون اور ساحل شامل ہیں ، اکشے آواستی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ زخمی ڈرائیور نے بتایا کہ سامنے سے آنے والی جیپ سے گاڑی بچاتے کنٹرول کھو دیا۔ٹریفک حادثے کے بعد ٹورنامنٹ کا فائنل منسوخ کردیا گیا ہے حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کے اہل خانہ کے لیے فی کس 7 لاکھ امدادی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔