بین الاقوامی جہازرانی کو درپیش خطرے سے عالمی تجارت درہم برہم ہوجائے گی: بحرین
منامہ (اے پی پی) بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے خبردار کیا ہے کہ بین الاقوامی جہازرانی کو درپیش کسی بھی خطرے سے دنیا کی تجارت درہم برہم ہوکررہ جائے گی اور تیل کی قیمتیں متاثر ہوں گی۔انھوں نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ اس ضمن میں پختہ اقدامات کرے۔وہ منامہ میں شوریٰ کونسل اور نمایندگان کونسل کی پانچویں مدت کے دوسرے اجلاس کے آغاز کے موقع پر افتتاحی تقریر کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ خواہ یہ ہمارا خط ہو یا پوری دنیا، خوش حالی اور انسانی سلامتی کے مقاصد کو مسلسل اقتصادی ترقی کی بدولت ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ دنیا میں تیل اور گیس کی سپلائی کا پانچواں حصہ خلیج عرب کے پانیوں سے ہوکر گذرتا ہے،جہاز رانی کی آزادی کو درپیش کسی بھی خطرے سے بین الاقوامی تجارت متاثر ہوتی ہے۔تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ آتا ہے اور یہ عالمی امن کے لیے بھی ایک چیلنج ہے۔