عدالتی نظام میں بہتری ناگزیر ہے:عبدالغفار روپڑی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) عدل و انصاف کے بغیر ملک میں امن و معاشی ترقی ممکن نہیں۔ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے عدالتی نظام میں بہتری ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدل و انصاف کسی بھی قوم یا معاشرے کے استحکام اور بقا کی ضمانت ہے۔ اور انصاف بھی ایسا جو سب کے لیے یکساں ہو۔ یہ ہر گز عدل نہیں کہ اگر کوئی امیر آدمی جرم کرے تو اسے چھوڑ دیا جائے جبکہ غریبوں کو سخت ترین سزائیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محض حقدار کو اس کا حق دلا دینا ہی کافی نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد، کسی کے حق کو غصب یا پامال کرنے والے ظالم کو کیفرکردار تک پہنچانا بھی لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں عدل و انصاف کی اہمیت پر بہت زور دیا گیا ہے اور اسلام مکمل عدل کی ہدایت کرتاے ہے اور ظلم سے روکتا ہے۔