وزیراعظم پوزیشن ہولڈرز طلباء کو اپنا گھر سکیم میں پلاٹ الاٹ کریں : شاہدمنہاس
راولپنڈی( اپنے سٹاف رپورٹر سے) حکومت تعلیمی معیار بہتر کرنے کے لیے یکساں نصاب کی شمع فروزاں کرنے کے ساتھ ٹیچرز ٹرینگ کا سلسلہ بھی باقاعدہ جاری کرے،تعلیمی نظام میں اصلاحات سے ہم خواندہ پاکستان کا مشن مکمل کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار ممتاز علم دوست شخصیت ڈائریکٹر کنڈر گارٹن سکول سسٹم ٹیپو روڈ پروفیسر شاہد جمیل منہاس نے چلڈرن نشت میں کیا،ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اورصوبائی حکومتیں سکول جانے کی عمر کے تمام بچوں کو ایجوکیشن سے منسلک کرنے کی جامع منصوبہ بندی کریں،وزیراعظم عمران خان نے وکٹری سپیچ میں جن اڑھائی کروڑ بچوں کی سکول ایجوکیشن سے محرومی کا تذکرہ کیا،ان کے لیے حکومت کی طرف سے انقلابی قدم اٹھانا ضروری ہے۔پروفیسر شاہد جمیل منہاس نے والدین سے درخواست کی کہ وہ تعلیم و تربیت کے تقاضے پورے کرنے کے لیے خود پر عائد ذمہ داریاں پوری کریں ۔گھر اور درسگاہ دونوں جگہ نونہالوں کو مثالی تدریسی ماحول میسر آجائے کہ خواندہ پاکستان کے ساتھ آئیڈیل معاشرے کے قیام کی راہیں بھی سامنے آسکتی ہیں۔انہوں نے اساتذہ ،والدین اور اہل دانش سے سادگی،کلین اینڈ گرین پاکستان اور شجرکاری مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی،پروفیسر شاہد جمیل منہاس نے تجویز دی کہ حکومت میٹرک،انٹر اور گریجویشن کے پوزیشن ہولڈرز کو کیش پرائز کی بجائے اپنا گھر سکیم میں مکان الاٹ کریاس طرح کی پزیرائی سے طلباو طالبات میں آگے بڑھنے کا جذبہ عام ہوگا۔