میلاد پاک و محافلِ نعت سے سکون ملتا ہے، پیرحسان حسیب الرحمن
`
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ؐ کے میلاد پاک و محافلِ نعت پاک ایسی محافل ہیں جو روحانی و قلبی سکون کا باعث اور ایمان کو حرارت بخشنے والی ہیں۔ ذکرِ مصطفیٰ ﷺ کو ربِ کریم نے عظمت و بلندی عطا کی ہے اور جو کوئی بھی اس ذکرِ پاک کے ساتھ اپنا تعلق جوڑ لیتا ہے اللہ تعالیٰ کی رحمتیں اس پر سایہ فگن ہو جاتی ہیں۔ ذکرِ مصطفی ﷺ کا یہ فیضان ہے کہ یہ دل کو نرم ، سوچ کو پاکیزہ اور روح کو مزین کر دیتا ہے اور ایسا دل اور سوچ رکھنے والا انسان نہ کسی لئے برا سوچتا ہے اور نہ اس کی ذات سے دوسروں کو تکلیف پہنچتی ہے۔ حضور نبیِ رحمت ﷺ کے غلام جنہیں ہم اولیا اللہ کے نام سے یاد کرتے ہیں انہوں نے اپنی زندگیوں کو شریعتِ مطہرہ کے تابع کیا، اپنے اخلاق کو خلقِ مصطفی ﷺ کے نور سے منور کر کے مخلوقِ خدا کی تربیت کی اور اس کا رخ دربارِ رسالت مآب ﷺ کی جانب موڑ دیا۔ ان ہستیوں نے ہر ایک سے حسنِ سلوک کا برتاوٗ کیا، مخلوقِ خدا کو آپس میں شیر و شکر کیا، ان کے پاس جوکوئی بھی آیا اس کی ایسی دلجوئی اور غمخواری کی کہ آنے والا ان کے حسنِ اخلاق سے متاثر ہو کر ایمان کی دولت سے بھی مالا مال ہو گیا۔آج بھی وطنِ عزیز کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے اور دہشتگردی کی لعنت پر قابو پانے کے لئے ہمیں اولیاء اللہ کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنانا ہو گا اور اپنے عمل و کردار سے مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن کوشش کرنا ہو گی۔عید گاہ شریف سے ہمیشہ عشق و اتباعِ رسول ِ مقبول ﷺ اور مخلوقِ خدا کی بہتری و بھلائی کرنے کی تعلیم دی گئی اور انشا اللہ دی جاتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے آبا و ٗاجداد بھی ہمیشہ مخلوقِ خدا کو ان کے روحانی مرکز مدینہ منورہ کی جانب بلاتے رہے اور عشقِ رسول ﷺ سے لوگوں کے قلوب و اذہان کو منور کرتے رہے اور میری زندگی کا بھی یہی مقصد ہے جس کی خاطر میں دنیا کے کونے کونے میں جاتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حجرہ شاہ مقیم اوکاڑہ کے مقام پر منعقدہ ایک عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ سے خطاب کے دوران کیا۔ جس میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام ، عوام الناس اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد حسان حسیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔