انتظامیہ کی غفلت،گو المنڈی میں چلڈرن پارک کھنڈر میں تبدیل
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) گو المنڈی میں موجود چلڈرن پارک کنٹونمٹ کی غفلت کی وجہ سے کھنڈر میں تبدیل ہو چکا ہے ۔دن بھر منچلے پارک میں سائیکل چلاتے رہتے ہیں جس سے پارک کی گھاس ختم ہوچکی ہے ۔گنجان آباد علاقے گوالمنڈی میں رہائیشیو ں کے لئے تفریح کی غرض سے بنائے جانے والے چلڈرن پارک کی حالت کنٹونمنٹ انتظامیہ کی چشم پوشی کی وجہ سے انتہائی ابتر ہو چکی ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پارک میں لوگ سیر و تفریح کے لئے آتے تھے لیکن اب دن اور رات کو منچلے پارک کے اندا سائیکلیں چلاتے رہتے ہیں جس سے پارک میں واک کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے ،انہوں نے کہا اس پارک میں صرف فیملیز کو آنے کی اجازت دی جائے تا کہ پہلے کی طرح لوگ بے فکر ہو کے اپنی فیملی کے ساتھ پارک کا رخ کریں اور پارکس کی لائٹس کو فوری طور پر بحال کیا جائے تا کہ پارک کی رونقیں رات کے وقت بھی بحال رہیں ،علاقہ مکینوں نے کہا کہ اگر کنٹونمنٹ انتظامیہ اسی طرح غفلت سے کام لیتی رہی تو بہت جلد یہ پارک بھی ورکشاپ میں تبدیل ہو جائے گا ۔شہریوں نے کنٹونمنٹ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فی الفور اس پارک کی رونقیں بحال کی جائیں ۔