معاشرے میں مثبت تبدیلی دعوت اور خدمت کے ذریعے ممکن ہے،حافظ غفار مدنی
کراچی (نیوزرپورٹر) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ عبدالغفار المدنی نے کہا ہے کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی دعوت اور خدمت کے ذریعے ممکن ہے۔ اسلام دشمن قوتوں نے مسلم معاشروں میں نظریاتی جنگ برپا کر رکھی ہے۔ مسلمان فتنوں کے ایام میں تعلیمات نبویﷺ پر ثابت قدمی اختیار کریں۔ صحابہ کرام نیکی کی جستجو میں ایک دوسرے سے آگے بڑھتے تھے۔ ریاست مدینہ کے نظام کو اپنانے کے لیے رسول اللہﷺ کے تربیت یافتہ صحابہ کرام کا طریقہ کار اپنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد اقصیٰ نارتھ کراچی اور جامع مسجد محمدی میٹروول سائٹ ایریا میں تربیتی نشستوں سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نشستوں سے جماعۃ الدعوۃ کراچی کے مسئول مفتی عبداللطیف اور ضلعی مسئولین حافظ عمران بھٹی، حافظ محمد امجد نے بھی خطاب کیا۔ حافظ عبدالغفار المدنی نے کہا کہ اللہ کا نازل کردہ قرآن ہر دور میں مسلمانوں کی رہنمائی کرتا ہے۔ فتنوں سے محفوظ رہنے کے لیے کتاب و سنت سے رہنمائی لی جائیں۔ انبیائے کرام نے ہر دور میں انسانوں کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا۔ رسول اللہﷺ اور صحابہ کرام کے راستے کو اختیار کرتے ہوئے ساری توانائیاں اسلام کے لیے صرف کریں گے تو معاشرے سے ظلم کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انسان اللہ کی عطا کردہ نعمتوں کا حق ادا نہیں کرسکتا۔ اہل اسلام کے لیے دعوت کے میدان میں سب سے بڑا ہتھیار حکمت اور صبر ہے۔ اسی راہ کو اختیار کرتے ہوئے معاشرے سے برائی کا خاتمہ اور نیکی کو عام کیا جائے۔