سردار کوڑے خان ٹرسٹ کیس کافیصلہ 26 سالہ محنت کا ثمر ہے: مظفر مگسی
مظفرگڑھ (نامہ نگار) سپریم کورٹ آف پاکستان میں سردار کوڑا خان ٹرسٹ کیس کے درخواست گزار مظفر حسین خان مگسی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ آف پاکستان کے فل بینچ نے ہماری عرضداشت کی سماعت مکمل کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفرگڑھ کی سربراہی میں سردار کوڑا خان ٹرسٹ قائم کرتے ہوئے سردار کوڑا خان جتوئی مرحوم کے نام سے قائم ضلع مظفرگڑھ کے چاروں تعلیمی اداروں کو ٹرسٹ کی تحویل میں دینے کے احکامات صادر کیے ہیں جوکہ ہماری 26 سالہ جدوجہد کا ثمر ہے جس پر وہ ضلع مظفرگڑھ کے تمام تعلیمی، سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ ضلع مظفرگڑھ کے عوام کے اجتماعی حقوق کے مقدمہ کا فیصلہ ہوا ہے۔ انہوں نے مظفرگڑھ پریس کلب میں بلوچ ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر بشیر خان بلوچ، ادارہ فکرو ثقافت کے صدر حافظ محمد اکبر نقاش، سٹی کونسلر لیاقت خان پٹھان اور انجمن شہریان کے صدر مختیار حسین چوغطہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 1992 ء میں ممبر پنجاب بار کونسل سید منصور احمد شاہ بخاری کی مشاورت اور معاونت سے مشترکہ طور پر سپریم کورٹ آف پاکستان میں عرضداشت پیش کی تھی جس کی 1993 ء سے سماعت شروع ہوئی اور ان 25 سالوں میں سپریم کورٹ کے مختلف بینچ اجتماعی مفاد عامہ کے اس اہم ترین معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے اپنی اپنی ابزرویشن دیکر 83 ہزار کنال سے زائد اراضی مفاد عامہ کیلئے وقف کرنے والے عظیم انسان سردار کوڑا خان جتوئی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عظیم وقف کی آمدن میں ہونیوالی خورد برد پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ اور ضلع کونسل مظفرگڑھ کے حکام کو جوابدہی کیلئے طلب کیا جاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ضلع کونسل کے حکام کو یہ غلط فہمی لاحق رہی کہ طویل سماعت کی وجہ سے پٹیشنرمفاد عامہ کے اس اہم ترین معاملہ کی پیروی ترک کر دیں گے لیکن ہم مفاد عامہ کیلئے اس عظیم وقف کی حفاظت کیلئے مسلسل جدوجہد کرتے رہے اور سپریم کورٹ میں ہر تاریخ سماعت پر حاضر ہوکر اپنا مدعا عدالت عظمیٰ کے سامنے پیش کرتے آئے۔ انہوں نے کہا کہ طویل سماعتوں کے بعد 11 اکتوبر کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم فل بینچ نے ہماری عرضداشت پر مختصر زبانی فیصلہ سناتے ہوئے سردار کوڑا خان ٹرسٹ کے معاملات کی نگرانی کیلئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفرگڑھ کی سربراہی میں ٹرسٹ کمیٹی کا حکم صادر کیا تاہم ابھی تک ہمیں سپریم کورٹ کے مفصل فیصلہ کی نقل نہیں مل سکی اس لیے وہ اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا مناسب نہیں سمجھتے، سپریم کورٹ کے مفصل فیصلہ کی نقل ملنے کے بعد اس کا مطالعہ کرتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائیگا۔