فحاشی‘ جوئے اور منشیات کے اڈے ختم کرنا مشن ہے: سی پی او
ملتان (کرائم رپورٹر) سی آئی اے کی کارکردگی تسلی بخش ہے تاہم مزید بہتری لائی جا رہی ہے‘ منشیات فروشوں اور جواریوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے اب جرائم پیشہ عناصر پولیس کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار سی پی او ملتان منیر مسعود مارتھ نے ’’نوائے وقت‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا‘ سی پی او نے مزید کہا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق کرپشن میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اس حوالے سے تمام افسران کا سروس ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ شہر میں کار چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں سی پی او نے کہا کہ سی آئی اے کو کار چور گینگ ٹریس کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے اور جلد ہی گینگ پولیس کی حراست میں ہو گا۔ جرائم کی صورتحال بارے سی پی او نے بتایا کہ میں شہر سے جرائم کے مکمل خاتمے کا دعویٰ نہیں کرتا تاہم جرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے منیر مسعود مارتھ نے مزید کہا کہ شہر میں فحاشی‘ جوئے اور منشیات کے اڈے ختم کرنا میرا مشن ہے اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیادوں پر کارکردگی رپورٹ حاصل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شادی‘ بیاہ سمیت دیگر تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی پی او نے کہا کہ ڈولفن فورس پولیس کا اثاثہ ہے اور اس کی کارکردگی میں مزید نکھار لا کر بہتر نتائج حاصل کریں گے۔