پاکستان اسلام کا قلعہ قادیانیوں کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے: عبدالغفور حیدری
احمد پور شرقیہ (نمائندہ نوائے وقت)سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے ضلعی جنرل سیکر ٹری جے یو آئی بہاولپور قاری محمد سہیل صدیقی اور تحصیل امیر احمد پور شرقیہ قاری سیف الرحمن راشدی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اسے یہودی کالونی اور قادیانیوں کی آماجکاہ نہیں بننے دیں گے ۔ختم نبوت قانون کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ برداشت نہیں ہے اگر حکومت نے اس حساس مسئلے کو چھیڑا تو چھٹی کا دودھ ید دلا دیں گے ۔پوری غیورپاکستانی مسلمان قوم، جمیعت ، تمام مذہبی جماعتیں پارلیمنٹ اور باہرتحفظ ناموس رسالت ﷺاور اس قانون کے تحفظ کے لیے پہرہ دیں گی ۔انہوں نے فون پربات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے بلند وبانگ دعوے کرنے والے مدینے والے آقا ﷺ کی عزت وناموس کے قانون پر ڈاکہ ڈالنے کی گھنائونی سازشوں میں مصروف ہیں ۔حکومت نے اگر ایسی غلطی کی تو حرمت رسول ﷺ کے لیے سر پر کفن باندھ کر مقابلہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے پچاس دنوں میں ہی قوم کو خون کے آنسو رلادیا ہے ۔آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کے بجائے خود کشی کو ترجیح دینے والوں سے قوم ایفائے عہد کا مطالبہ کرتی ہے ۔انہوں نے رکنیت سازی مہم کے لیے ضلعی جماعت کی کوششوں کوبھی سراہا۔