بھارتی حکمران جان لیں ایک منان وانی کو شہید کرینگے تو سو وانی پیدا ہونگے : صدر آزاد کشمیر
مظفرآباد (اے این این )صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے عظیم کشمیری حریت پسند ڈاکٹر منان وانی شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے دہلی کے حکمران کو جان لینا چاہیے کہ وہ ایک وانی کو شہید کریں گے تو سو اور وانی پیدا ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہا بھارت نے ظلم و بربریت کی تمام حدود کو پار کر لیا ہے اور کشمیر کے نہتے اور بے گناہ انسانوں کو اپنے حق مانگنے کی پاداش میں زندہ رہنے کے حق سے بھی محروم کیا جا رہا ہے ۔ ایک بیان میں سردار مسعود نے کہا مقبوضہ کشمیر میں موت اور تباہی کے نہ ختم ہونے والے بھیانک کھیل نے عام نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر منان وانی جیسے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان کو بھی یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں آزادی کے ساتھ رہنا ہے یا شہادت کو قبول کرنا ہے۔ بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرنے والے آزادی کی تحریک کے نوجوان ہیرو منان وانی کی شہادت کو اہل کشمیر کے لیے نا قابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر کے نوجوانوں کو بھارت کے استعماری جبر نے دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجید وانی سے لے کر برہان مظفر وانی اور اب ڈاکٹر منان وانی تک آزادی و حریت کے عظیم جذبوں اور باوقار موت کی ایک ایسی عظیم داستان ہے جو کشمیر کے نوجوان کے جذبوں کو مہمیز اور تازگی بخشتی رہے گی ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کو منان وانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کے جرم کی پاداش میں یونیورسٹی سے معطل کر کے اُن کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے اقدام کی پر زور مذمت کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بھارت کے حکمران اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیںاور مسلسل ایسے اقدامات کر رہے ہیں جو خود بھارت کے اپنے آئین اور بانیان ہند کے اُصولوں کے منافی ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اُن کا جائزہ اور انصاف پر مبنی حق خود ارادیت دیں ۔