علی اعوان کی کامیابی میں کچی آبادی کے ووٹ کا نمایاں کردار رہا ‘ لالہ افضل
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) این اے53 اسلام آبادکے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار علی اعوان کی کامیابی میں مسلم لیگ ق کی جدوجہد کے نتیجے میں کچی آبادی کے ووٹرز کا کردار نمایاں رہا اور ق لیگ کے رہنمائوں لالہ افضل ‘ مراد غوری ‘ ملک ارشد اور دوسرے رہنمائوں نے پارٹی کے صدر چوہدری شجاعت کی ہدایت پر دن رات ایک کرکے پارٹی کارکنوں کے گھر گھر پیغام پہنچایا ۔ اور کچی آبادی سے پی ٹی آئی امیدوار علی اعوان کو 30ہزار سے ووٹ ملے۔ مسلم لیگ ق کے رہنماء لالہ افضل کا کہنا ہے کہ ہمارے کارکن شروع دن سے پارٹی صدر چوہدری شجاعت کی ہدایت پر مہم کیلئے متحرک رہے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 53 سے علی اعوان کی کامیابی در اصل مسلم لیگ ق کی کامیابی ہے اور ہم نے معاہدے کے مطابق پی ٹی آئی کو وو ٹ دیئے اور ساتھ ساتھ بھر پور مہم چلائی جس کی وجہ سے لوگوں نے ہمارے وعدوں پر اعتماد کرکے پی ٹی آئی کو جتوایا۔ انہوں نے کہا کہ علی اعوان کی کا میابی کے ساتھ ساتھ گجرات اور چکوال سے بھی مسلم لیگ ق کے چوہدری سالک‘ اور مونس الہیٰ دونوں قومی اسمبلی کی نشستوں پر بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہو گئے ہیں جو عوام کا مسلم لیگ ق کی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ لالہ افضل نے کہا کہ اب انشاء اللہ نہ صرف کچی آبادیوں کے بلکہ اسلام آباد کے پورے حلقے این اے 53کے باسیوں کے بنیادی مسائل حل کرنے پر توجہ دی جائیگی۔ اور عوام جلد تبدیلی محسوس کریں گے۔