قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ،زیڈ ٹی بی ایل نے پی ٹی وی کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا
راولپنڈی(اے پی پی)قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں زیڈ ٹی بی ایل نے پی ٹی وی کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میںکھیلے گئے میچ میں پی ٹی وی کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 241 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، حسن محسن 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نسیم شاہ نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔ پی ٹی وی کی ٹیم پہلی اننگز میں 158 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں زیڈ ٹی بی ایل نے 318 رنز بنائے تھے، اس طرح پی ٹی وی نے دوسری اننگز میں محض 81 رنز کی سبقت حاصل کی۔ زیڈ ٹی بی ایل نے 82 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، اویس مصطفیٰ 31 اور عاقب شاہ 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ واضح رہے کہ یہ زیڈ ٹی بی ایل کی ٹورنامنٹ میں دوسری فتح ہے۔