بیڈمنٹن ، ذوالقرنین نے بوائز اور علیجا نے گرلز سنگلز ٹائٹلز جیت لئے
راولپنڈی (اے پی پی) قومی جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں راجا ذوالقرنین حیدر نے بوائز اور علیجا طارق نے گرلز انڈر 18 سنگلز ٹائٹلز جیت لئے۔ اتوار کو پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قومی جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ لاہور میں اختتام پذیر ہو گئی، آخری روز کھیلے گئے بوائز انڈر 18 سنگل فائنل میں پنجاب کے راجا ذوالقرنین حیدر نے طیب شفیق کو 2-0 سیٹس سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا، گرلز انڈر 18 سنگل میں بلوچستان کی علیجا طارق نے پنجاب کی ایمل منیب کو ہرا کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، بوائز انڈر 14 سنگل فائنل میں خیبرپختونخوا کے عمر خان نے پنجاب کے سعد عامر کو شکست دے کر ٹائٹل حاصل کیا، بوائز انڈر 16 ایونٹ میں خیبرپختونخوا کے قاری عدنان نے پنجاب کے رضا علی عادل کو زیر کر کے ٹائٹل جیتا، گرلز انڈر 16 کے فیصلہ کن معرکے میں بلوچستان کی سمیعہ طارق نے پنجاب کی زینب چوہدری کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا، بوائز انڈر 18 ڈبلز فائنل میں ذوالقرنین حیدر اور طیب شفیق نے عبداللہ اور زبیر شاہ کو شکست دے کر ٹائٹل حاصل کیا جبکہ گرلز انڈر 18 ڈبلز ایونٹ میں لائبہ مسعود اور ایمل منیب فتح یاب رہیں، انہوں نے علیجا طارق اور معصومہ کو شکست دی۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد خالد محمود تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔