کامونکے: علامہ محمد محمود اکرم رضوی ٹریفک حادثہ میں جاں بحق
کامونکے/ گوجرانوالہ (نامہ نگار) معروف عالم دین علامہ محمد محمود اکرم رضوی ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے۔ بتایا گیا کہ گذشتہ صبح جماعت اہلسنت تحصیل صدر کے امیر علامہ محمد محمود اکرم رضوی موٹر سائیکل پر نواحی گاؤں ننگل دونا سنگھ تنظیمی اجلاس میں شرکت کیلئے جارہے تھے۔ ننگل دونا سنگھ نالہ ڈیک کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کراس کرتے انکی موٹر سائیکل سڑک کنارے لگے درخت سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں علامہ محمد محمود اکرم رضوی شدید زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو 1122کی ٹیم نے تشویش ناک حالت کے پیش نظر مریدکے ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے راستہ میں ہی دم توڑ گئے۔ نماز عصرکے بعد جی ٹی روڈ دربار بابا بھولا پیر کے سامنے انکی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں سابق وفاقی وزیر رانا نذیر احمد خان، ایم پی اے چودھری اختر علی خاں، پیر ابوداؤد احسان اللہ ورک سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد مرحوم کو سپرد خاک کردیا گیا۔