جیسن ہولڈر کا کیلنڈر ایئر کے دوران بہترین اوسط سے بالنگ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم
حیدرآباد (اے پی پی) ویسٹ انڈین قائد اور فاسٹ بائولر جیسن ہولڈر نے کیلنڈر ایئر کے دوران ٹیسٹ میچز میں بہترین اوسط کے ساتھ بائولنگ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، انہوں نے رواں سال اب تک ٹیسٹ میچز میں 11.87 کی اوسط سے 33 وکٹیں لے کر یہ سنگ میل عبور کیا، آخری مرتبہ 2003ء میں سابق پاکستانی فاسٹ بائولر شعیب اختر نے 15 سے کم اوسط میں ایک سال کے دوران ٹیسٹ میچز میں 30 وکٹیں لے رکھی تھیں، اس کے ساتھ ساتھ ہولڈر رواں سال چار مرتبہ اننگز میں 5 یا زائد وکٹیں لینے والے پہلے بائولر بھی بن گئے، وہ 18 برس بعد ایک سال کے دوران ٹیسٹ میچز میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے ویسٹ انڈین بائولر ہیں، اس سے قبل 2000ء میں کورٹنی واش نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس کے علاوہ ہولڈر ایک سال میں اننگز میں چار بار پانچ یا زیادہ وکٹیں لینے والے ویسٹ انڈیز کے پہلے اور دنیا کے ساتویں کپتان بھی بن گئے، اس سے قبل پاکستان کے فضل محمود، نیوزی لینڈ کے ڈینل ویٹوری، جنوبی افریقہ کے شان پولاک، بھارت کے بیدی، آسٹریلیا کے بیناڈ اور انگلینڈ کے ایلن بھی بحیثیت کپتان یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔