بھارت نے مسلسل زیادہ ہوم ٹیسٹ سیریز جیت کر آسٹریلیا کا عالمی ریکارڈ برابر
حیدرآباد (اے پی پی) بھارتی ٹیم نے مسلسل زیادہ ہوم ٹیسٹ سیریز جیت کر آسٹریلیا کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیا، بھارت نے ویسٹ انڈیز کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 2-0 سے زیر کر کے یہ کارنامہ انجام دیا، یہ بھارت کی ہوم سیریز میں مسلسل دسویں فتح ہے، کینگروز کو دو مرتبہ سنگ میل عبور کرنے کا اعزاز حاصل ہے، آسٹریلیا نے 1994-95ء سے 2000-01ء تک اور 2004ء سے 2008-09ء کے دوران دو مرتبہ مسلسل دس ہوم ٹیسٹ سیریز جیت کر عالمی ریکارڈ پر قبضہ جما رکھا تھا۔ بھارتی ٹیم نے 2012-13ء میں آسٹریلیا کو ہوم ٹیسٹ سیریز میں 4-0 سے ہرا کر فتوحات کا آغاز کیا تھا، اس کے بعد بھارتی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش، انگلینڈ اور افغانستان کے خلاف ایک، ایک ہوم ٹیسٹ سیریز جیتی۔