شنگھائی ماسٹرز جو کووچ مینز سنگلز ٹائٹل لے اڑے
شنگھائی(اسپورٹس ڈیسک)سربین سٹار اور عالمی نمبر تین نوویک جوکووچ نے شنگھائی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز ٹائٹل جیت لیا، انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں کروشین کھلاڑی بورنا کورک کو شکست دی۔ اتوار کو چین میں منعقدہ مینز سنگل فائنل میں جوکووچ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بورنا کورک کو 6-3 اور 6-4 سے ہرا کر سے ہرا کر کیریئر کا 72واں ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ مرسیلو میلو اور لیوکاس کیوبٹ نے شنگھائی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا، میلو اور لیوکاس نے فیصلہ کن معرکے میں جمی مرے اور برونو سوریز کو شکست دی۔اتوار کو چین میں منعقدہ مینز ڈبلز فائنل میں برازیلین کھلاڑی مرسیلو میلو اور ان کے پولینڈ کے جوڑی دار لیوکاس کیوبٹ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے برطانوی کھلاڑی جمی مرے اور ان کے برازیلین جوڑی دار برونو سوریز کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-2 سے ہرا کر ٹائٹل حاصل کیا۔ ادھر یوکرینی کھلاڑی ڈیانا یاسٹرمسکا نے ہانگ کانگ اوپن ٹینس ویمنز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا، انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں چینی کیوئسٹ وانگ قیانگ کو شکست دے کر کیریئر کا پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔اتوار کو ہانگ کانگ میں منعقدہ ویمنز سنگلز فائنل میں ڈیانا یاسٹرمسکا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف چینی کھلاڑی وانگ قیانگ کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-1 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔ ڈیانا نے اپنے بیان میں کہا کہ کیریئر کا پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتنے پر خوشی کو الفاظ میں بیاں نہیں کر سکتی، کوشش ہو گی کہ مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید ٹائٹلز جیتوں۔دوسری جانب آسٹریلوی کھلاڑی سمانتھا سٹوسر اور ان کی چینی جوڑی دار شوئی زانگ نے ہانگ کانگ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔ہانگ کانگ میں منعقدہ ایونٹ میں اتوار کو کھیلے گئے ویمنز ڈبلز فائنل میں سمانتھا سٹوسر اور شوئی زانگ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے جاپانی کھلاڑی شوکو اویاما اور ان کی بیلاروس کی جوڑی دار لڈزیا مروزاوا کو 6-4اور 6-4سے شکست دے کر ٹائٹل حاصل کیا۔