افغانستان: امریکہ نے فوج نکالنے پر رضا مندی ظاہر کر دی: طالبان کا دعویٰ
کابل (اے پی پی‘ صباح نیوز) افغان حکام نے بتایا ہے کہ شمال مشرقی صوبے تخار میں انتخابی ریلی پر ہونے والے بم حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 23 تک پہنچ گئی ہے۔ طبی ذرائع کے مطابق ابھی کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ تخار کے محکمہ صحت نے ہلاکتوں کی تعداد 23 بیان کی ہے۔ یہ حملہ ایک خاتون پارلیمانی امیدوار نذیفہ یوسف بیک کی انتخابی ریلی پر کیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا دھماکے کے وقت خاتون امیدوار وہاں موجود نہیں تھیں اس لیے وہ محفوظ رہیں۔دوسری جانب طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے افغانستان سے فوج نکالنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔قطری حکومت کی فنڈنگ سے چلنے والے نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور طالبان رہنمائوں کے درمیان جمعے کو ہونے والی ملاقات کے دوران افغانستان میں 17 سال سے جاری جنگ کے خاتمے پر بات چیت کی گئی۔نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر طالبان حکام نے الجزیرہ کو بتایا کہ امریکہ کے 6 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران امریکی فوج کی افغانستان سے واپسی سمیت تمام مسائل کے حل پر اتفاق کیا گیا۔طالبان حکام کا کہنا ہے کہ امریکی وفد سے تفصیلی نہیں بلکہ عمومی بات چیت ہوئی اور مستقبل قریب میں مزید بات چیت کا امکان ہے۔