آئی ایم ایف کے پاس جانے کا اقدام معاشی خودکشی کے مترادف ہے:پیراشرف رسول
فیروزوالہ (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی پیر سید اشرف رسول نے کہا ہے کہ عوام شریف برادران سے والہانہ محبت کرتے ہیں مسلم لیگ ن اور نواز شریف کی محبت کو عوام کے دلوں سے ختم کرنے کے لئے جاری تمام حکومتی ہتھکنڈے ناکامی سے دوچار ہوں گے عمران خان کی جانب سے کسی کو نہیں چھوڑونگا کی دھمکی انتقامی سیاست کا ثبوت ہے، جسے عوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے،پیر سید اشرف رسول نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کو خودکشی کے مترادف قرار دینے کے باوجود آج عمران خان آئی ایم ایف کے پاس جا چکے ہیںملک میں مہنگائی پہلے ہی عروج پر پہنچ چکی ہے جبکہ حکمران بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کو تیار بیٹھے ہیں، مسلم لیگ ن کی قیادت اور کارکن کسی بھی انتقامی کارروائی سے مرعوب نہیں ہوں گے بلکہ ہر ناانصافی کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جو ملک اور قوم کی ترقی اور خوشحالی کا مشن شروع کیا تھا اسے کسی بھی حال میں ادھورا نہیں چھوڑا جائے گا ۔