فکر امام حسینؓ کو اپنے کردار میں زندہ کرنے کی ضرورت ہے:مقررین
لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام پی پی 144 لاہور کی تنظیم کے زیر اہتمام ’’کربلا کے بعد‘‘ کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ناظم دعوت علامہ فیاض بشیر نے کہا ہے کہ ظالم کا ظلم برداشت کرنے سے انکار کرنا پیغام کربلا اور تعلیمات امام حسین ؓ ہیں، آج ذکر حسینؓ کے ساتھ فکر حسینؓ کو اپنے کردار میں زندہ کرنا ہو گا، جس نظام میں انسانیت کی تذلیل ہو وہ نظام یزیدیت کی باقیات ہے اور ایسے نظام کے خلاف آواز اٹھانا ہی جہاد اکبر ہے، کانفرنس سے امیر تحریک لاہور حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل نے بھی خطاب کیا، نوراللہ صدیقی نے کانفرنس میں خصوصی شرکت کی، علامہ فیاض بشیر نے کہا کہ جو ظلم سہتے ہیں، ظلم دیکھتے ہیں مگر بولتے نہیں وہ حسین ؓکے راستے پر نہیں ہیں ،حسینیت مصلحت ،عافیت اور راہ فرار کا نام نہیں ہے، حسینیت ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا نام ہے، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اہل بیت اطہار نے دین حق کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کر کے قیامت تک کے مسلمانوں کو یہ بتایا کہ دینی شعاراور اقدار خطرے میں ہوں تو پھر دین محمدیﷺکا سچا پیروکار اور امام عالیٰ مقام کا تابعدار گھر میں نہیں بیٹھ سکتا۔ امیر لاہور حافظ غلام فرید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یزیدیت اور حسینیت دو نظریات اور دو رویے ہیں۔