شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی وجہ سے اللہ کی پکڑ میں ہیں‘ شجاعت
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے گجرات کے حلقہ این اے 69 کے پولنگ اسٹیشن مسلم آباد میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 40 سال بعد سویلین سیٹ اپ کے تحت الیکشن ہو رہے ہیں‘ پولنگ پرامن ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت کامیابی کے ساتھ چل رہی ہے‘ بہت مشکل حالات سے گزر کر یہ حکومت قائم ہوئی ہے جو لوگ حکومت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں وہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ لوگ کہتے ہیں کہ اپوزیشن والے حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹائیں گے حالانکہ اپوزیشن کے پاس حکومت ہٹانے کا کوئی جواز نہیں‘ موجودہ حکومت کو موقع دینا چاہئے‘ عمران خان کو حکومت میں آنے سے پہلے اندازہ نہیں تھا کہ سابقہ حکومت نے حالات کتنے خراب کر رکھے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں چودھری شجاعت حسین نے کہاکہ شہباز شریف آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کی جہ سے نہیں بلکہ اپنے ظالمانہ رویے کی وجہ سے قید ہیں‘ ان حالات کے وہ خود ذمہ دار ہیں‘ شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کے عذاب کی پکڑ میں آئے ہیں۔ علاوہ ازیں ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے ضمنی انتخاب میں این اے 69 گجرات میں اپنا ووٹ کاسٹ کےا۔ ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت صبح سویرے ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے پولنگ اسٹیشن پہنچے اور اپنا ووٹ میونسپل ماڈل اسکول مسلم آباد میں کاسٹ کیا۔ ق لیگ کے سربراہ ووٹ ڈالنے کے بعد چکوال روانہ ہو گئے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہناتھا موجودہ حکومت کو کام کرنے کا موقع دینا چاہئے۔
شجاعت