انڈونیشیا: سیلاب اور مٹی کا تودہ گرنے سے 12 طلبا سمیت 27 افراد ہلاک
سماترا(صباح نیوز) انڈونیشیا میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے سکول اور رہائشی مکانات تباہ ہوگئے جس کے نتیجے میں 12 طلبا سمیت 27 افراد ہلاک ہو گئے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سونامی کے بعد انڈونیشیا کے صوبے سماٹرا میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ صوبے سماٹرا کے جنوبی جزیرے میں سیلابی ریلے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں 27 افراد جاں بحق ہوگئے۔جنوبی سماترا کے ایک گائوں میں مٹی کا تودہ ایک سکول پر گرنے سے سکول کے 12 طالب علم جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے سکول کے ملبے میں پھنسے 17 بچوں کو بحفاظت نکال لیا، بچوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔دوسری جانب اسی صوبے میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے 29 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ تباہ ہونے والے گھروں سے 11 نعشیں نکالی گئیں جب کہ دو لاشیں ایک کار سے ملیں جو سیلاب میں بہہ گئی تھیں۔ اسی طرح دو نعشیں سڑک کنارے ملی تھیں،سیلاب کے باعث تین پل بھی منہدم ہوگئے جس کی وجہ سے گائوں کا شہر سے رابطہ منقطع ہو گیا جب کہ سڑکوں پر کیچڑ پھیل جانے کی وجہ سے ذرائع نقل و حمل بند ہیں جس سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔