مغربی کنارہ: یہودی انتہا پسندوں کا گاڑی پر حملہ، فلسطینی خاتون شہید، شوہر شدید زخمی
نابلس (صباح نیوز)فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں غاصب یہودیوں نے وحشیانہ تشدد کرکے ایک فلسطینی خاتون کو شہید اور اس کے شوہر کو زخمی کردیا۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یہودی آباد کاروںنے 45 سالہ عایشہ محمد طلال رابی کو نابلس کے جنوب میں زعترہ چیک پوسٹ کے قریب گاڑی پر سنگ باری کی جس کے نتیجے میں کارمیں سوار دونوں میاں بیوی زخمی ہوگئے۔ یہودی آبادکاروں نے آگے بڑھ کر کار میں زخمی حالت میں پڑی خاتون کے سرپر پتھر مار کر اسے شہید کردیا۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی خاتون اور اس کے شوہر کو ابن سینا ہسپتال کے شعبہ حادثات میں منتقل کیا گیا مگر وہ اس وقت تک دم توڑ چکی تھی۔اس سے قبل اسرائیلی فوج رابی کے بھائی کو بھی شہید کرچکی ہے۔ یہودیوں کی اس منظم غنڈہ گردی کے خلاف علاقے میں سخت غم وغصے کی لہر پائی جا رہی ہے۔دوسری جانب فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں اسرائیلی فوج نے ایک کارروائی کے دوران ایک فلسطینی شہری کو حراست میں لیا۔ اس پر یہودی آبادکاروں کو چاقو گھونپ کر زخمی کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔